

جامع مسجد میاں محمد فاضلؒ کے بارےمیں جانئے


جامع مسجد میاں محمد فاضلؒ کا سنگِ بنیاد
اس عظیم مسجد کا سنگِ بنیاد آج سے 12 سال قبل، 26 جنوری سن 2013ء بروز اتوار 14 ربیع الاول 1434ھ کو رکھا گیا۔ یہ تاریخ نہ صرف ایک تعمیراتی آغاز کی علامت ہے بلکہ ایک روحانی سفر کا نقطۂ آغاز بھی ہے۔ تب سے لے کر آج تک، اللہ کے فضل سے یہ مسجد عبادت، تعلیم اور خدمتِ خلق کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
وفاق المدارس کا امتحان
جامع کے امتحان کے ساتھ ساتھ وفاق المدارس کا امتحان بھی دلوایا جاتا ہے
جید علمائے کرام ومعلمات
جامعہ اشرفیہ لاہور کے جید علمائے کرام و معلمات تدریسی فرائض سرانجام دے رہے ہیں
تربیت پر خصوصی توجہ
تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے
مسجد کی خوبصورتی اور تعمیر
معماروں نے اس مسجد کی تعمیر میں روایتی اسلامی طرزِ تعمیر اور جدید سہولیات کو نہایت خوبصورتی سے یکجا کیا ہے۔ مسجد کا گنبد، مینار، داخلی دروازے اور اندرونی نقش و نگار دل کو سکون بخشتے ہیں۔ ہر گوشہ قرآن و سنت کی خوشبو سے مہکتا ہے اور نمازیوں کے لیے روحانی راحت کا باعث بنتا ہے۔
خدمات اور سرگرمیاں
مسجد میں جمعہ و عیدین کے اجتماعات، دینی لیکچرز، بچوں کی دینی کلاسز، خواتین کے لیے خاص نشستیں، رمضان المبارک میں افطار و تراویح، اور دیگر روحانی و اصلاحی پروگرامز باقاعدگی سے منعقد ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ضرورت مندوں کی مدد، فلاحی منصوبے اور دینی بیداری کی مہمات بھی مسجد کا خاصہ ہیں۔
اسلامی تعلیمی نظام
جامع مسجد میاں محمد فاضلؒ میں صرف نماز ادا نہیں کی جاتی بلکہ یہاں ایک منظم اسلامی تعلیمی نظام بھی قائم ہے۔ بچے، نوجوان اور ،طلباء اور طالبات قرآن، حدیث، فقہ، سیرت النبی ﷺ اور دیگر اسلامی علوم حاصل کرتے ہیں۔ اس نظام کا مقصد صرف علم دین سکھانا نہیں، بلکہ کردار سازی، اخلاص، اور امت کے افراد کو بہترین مسلمان بنانا ہے۔
سی ای او کی طرف سے پیغام
ببِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ
ٱلْـحَمْدُ لِلّٰهِ رَبِّ ٱلْعَـٰلَمِينَ وَٱلْعٰـٰقِبَةُ لِلْمُتَّقِينَ وَٱلصَّلَاةُ وَٱلسَّلَامُ عَلٰى سَيِّدِ لْأَنْبِيَاءِ وَٱلْمُرْسَلِينَ
الحمدللہ! اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جامع مسجد میاں محمد فاضلؒ جس کا سنگِ بنیاد آج سے 12 سال قبل، 26 جنوری سن 2013ء بروز اتوار 14 ربیع الاول 1434ھ کو رکھا گیا، آج نہ صرف ایک خوبصورت عبادت گاہ ہے بلکہ ایک فعال اسلامی تعلیمی مرکز بھی بن چکی ہے۔ یہ محض ایک عمارت نہیں، بلکہ ایک مشن، ایک پیغام، اور ایک خواب کی تعبیر ہے۔
جامع مسجد میاں محمد فاضلؒ کے قیام کا مقصد صرف نماز کی ادائیگی تک محدود نہیں بلکہ اصحابِ صفہ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے نسل نو کی تعلیم و تربیت ، اسلامی علوم کی اشاعت اور ایک با مقصد و باکردار معاشرہ تشکیل دینا ہے۔ہمارے محترم بزرگ حضرت حافظ مولانا فضل الرحیم دامت برکاتہم العالیہ اور مولانا یوسف خان صاحب دامت برکاتہم العالیہ ( ناظم تعلیمات) کی زیر ِ سرپرستی یہاں ایسا تعلیمی نظام قائم کیا گیا ہے جس میں قرآن ، حدیث، فقہ اور عصری تعلیم اور اسلامی اقدار کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جاتا ہے۔
میں اپنے دل کی گہرائیوں سے اُن تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس سفر میں ہمارے ساتھ تعاون کیا، چاہے وہ مالی تعاون ہو، وقت کی قربانی ہو یا دعاؤں کا حصہ۔ آپ کی محبت، اخلاص اور محنت ہی اس مسجد کی کامیابی کا راز ہے۔
ہم اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہیں کہ وہ اس مسجد کو تا قیام ِ قیامت علم، عبادت، تربیت اور خیر کا مرکز بنائے، ہمارے بزرگوں کے لیے صدقہ جاریہ بنائےاور ہماری آنے والی نسلوں کو اس خدمت کی توفیق عنایت فرمائے۔ آمین۔
والسلام
سی ای او جامع مسجد میاں محمد فاضلؒ: میاں طلعت محمود